اسلام آباد: پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ یونیسکو نے پاکستان کے مزید 12 تاریخی و ثقافتی مقامات کو عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کرلیا، جس کے بعد پاکستان کی ٹینٹیٹو لسٹ میں شامل مقامات کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
نئی فہرست میں خیبرپختونخوا کی کلاشہ وادی کا ثقافتی منظرنامہ، بازیرا باریکوٹ، گور کٹھڑی کا آثارِ قدیمہ کمپلیکس اور بھامالا بدھ مت کمپلیکس شامل ہیں۔
سندھ کے کوٹ ڈیجی، ناؤکوٹ اور عمرکوٹ کے تاریخی قلعے بھی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے تاریخی ورثے میں پھروالہ قلعہ، روات قلعہ، سلطان مقرب خان کا مقبرہ، مائی قمر مسجد اور سیٹھی ہاؤس شامل کیے گئے ہیں۔
یونیسکو کے مطابق ٹینٹیٹو لسٹ میں شامل ہونا کسی مقام کو فوری طور پر عالمی ورثے کا درجہ ملنے کے مترادف نہیں، بلکہ یہ مستقبل میں باقاعدہ نامزدگی کے لیے ابتدائی مرحلہ ہے۔ پاکستان اس وقت یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں 6 مقامات رکھتا ہے۔