شامی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اختتام پذیر، تعلقات کے نئے مرحلے کا آغاز

08:12 PM, 23 Aug, 2026

اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کا پاکستان کا اہم دورہ مکمل ہوگیا۔ 19 سال بعد ہونے والے اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شامی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آئے۔

پاکستان نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ گولان کے معاملے پر بھی شامی مؤقف کی تائید کی۔ پاکستان نے ادلب کے ابو الظہور ہوائی اڈے پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔

دونوں ممالک نے عوامی اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی پر بھی بات چیت کی، جبکہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے اسلام آباد یا دمشق میں سرمایہ کاری فورم کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔

ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امریکا ایران کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شامی حکام کے مطابق یہ دورہ حساس علاقائی صورتحال میں پاکستان اور شام کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

مزیدخبریں