کیلاش قبیلے کا مذہبی و ثقافتی تہوار "چاموس" کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

12:11 PM, 23 Dec, 2025

چترال: کیلاش قبیلے کا مشہور مذہبی و ثقافتی تہوار "چاموس" اس سال بھی روایتی جوش و خروش کے ساتھ کیلاش کی تینوں وادیوں، رمبور، بریر اور بمبوریت میں منایا گیا۔ محکمہ سیاحت کے ترجمان کے مطابق، یہ تہوار کیلاش ثقافت اور عقائد کی عکاسی کرتا ہے اور اس دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں جو کیلاش قوم کی روحانیت کا اہم حصہ ہیں۔

چاموس تہوار میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے نہ صرف کیلاش ثقافت کو دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا گیا بلکہ سیاحوں کو اس منفرد تہوار کا تجربہ کرنے کا موقع بھی ملا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق، ٹورازم پولیس نے سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے بھرپور انتظامات کیے، جبکہ لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں کو جانے والے راستوں پر پولیس سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹیاں انجام دیتی رہی تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

چاموس تہوار کی خاص بات یہ ہے کہ یہ موسمِ سرما کے استقبال کے ساتھ ساتھ خوشی، محبت، اتحاد اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مقامی لوگ ایک دوسرے کے ساتھ پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کرتے ہیں تاکہ آپس میں محبت اور اتحاد کا پیغام پھیلایا جا سکے۔

کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی اس تہوار کے دوران سیاحوں کے لیے مختلف سہولتیں فراہم کی گئیں تاکہ تہوار کا ماحول خوشگوار اور پرامن رہے۔

مزیدخبریں