اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تو حکومتِ پاکستان بھی بات چیت کے لیے مکمل آمادہ ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ کوئی ڈائیلاگ ممکن نہیں۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ اگر پی ٹی آئی جائز اور آئینی نکات پر بات کرنا چاہے تو مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اراکین کو اسمبلی میں بھی ڈائیلاگ کی دعوت دی جا چکی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بھی بات کی، اور کہا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا دن ہے۔ اس کے لیے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے کام کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ سربمہر لفافوں میں بولیاں آئیں اور بولی کا عمل براہ راست دکھایا جارہا ہے، کامیاب طریقے سے بولی ہوگی تو معاملات بہتر ہوں گے، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے بہترین کاوشیں کیں، سارے مرحلے کو شفاف بنانا انتہائی ضروری تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانزکشن ہونے جارہی ہے، سارے پراسیس کا دوبارہ کابینہ کے پاس آنا بہت ضروری ہے، فیلڈ مارشل کو کے ایس اے میں کنگ عبدالعزیز ایواڑ سے نوازا گیا، فیلڈ مارشل کو جو ایوارڈ ملا اس سے پوری قوم کی عزت میں اضافہ ہوا۔
آخر میں، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔