“اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام: جوائنٹ فیملیز کے لیے نیا انقلابی پیکیج

10:28 AM, 23 Jan, 2026

لاہور :پنجاب حکومت نے اپنے مقبول رہائشی منصوبے “اپنی چھت، اپنا گھر” کو جوائنٹ فیملیز تک وسعت دینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت خاندانوں کو بلاسود اور آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے گھروں میں توسیع کر سکیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام پرانی جوائنٹ فیملی روایت کو برقرار رکھنے اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ہے۔ ان لوگوں کے لیے جن کے پاس اپنی زمین نہیں، حکومت پلاٹس فراہم کرے گی اور گھر بنانے کے لیے قرضے بھی دیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں 1534 پلاٹس کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے، جس میں جہلم کے لیے 194، قصور کے لیے 129، فیصل آباد کے لیے 84 اور لودھراں کے لیے 59 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے دیے جائیں گے۔

اس وقت پروگرام کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 18,80,081 ہے جبکہ درخواست گزار 10,66,559 ہیں۔ اب تک 67,197 گھر آباد ہو چکے ہیں اور 53,843 مکانات زیر تعمیر ہیں۔ 164.66 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں اور ریکوری کی شرح 99 فیصد ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ صارفین کے انتقال کی صورت میں متاثرہ خاندانوں کے لیے واضح پالیسی مرتب کی جائے اور پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے تاکہ مزید افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

مزیدخبریں