اسلام آباد: آج رات ایک نادر فلکی منظر پیش آئے گا، جب چاند، زحل اور نیپچون ایک خاص ترتیب میں آسمان پر قریب نظر آئیں گے اور قدرتی طور پر ایک ’’مسکراتا چہرہ‘‘ بنائیں گے۔
فلکیات کے ماہرین کے مطابق اس منظر کو ’’ٹرپل کنجنکشن‘‘ کہا جاتا ہے، جب زمین سے دیکھنے پر یہ تین فلکی اجسام ایک ہی حصے میں جمع دکھائی دیتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں یہ ایک دوسرے سے لاکھوں کلومیٹر دور ہیں۔
دنیا بھر میں دیکھا جانے والا یہ منظر سورج غروب ہونے کے تقریباً 30 سے 90 منٹ بعد شروع ہوگا۔ چاند اور زحل کو آسانی سے آنکھ سے دیکھا جا سکے گا، جبکہ نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی مدد درکار ہوگی، کیونکہ یہ سیارہ مدھم روشنی کے باعث عام طور پر نظر نہیں آتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے فلکیاتی مظاہر انسان کو کائنات کی بے پناہ وسعت کا احساس دلاتے ہیں اور یہ یاد دلاتے ہیں کہ ہم کتنے خوش قسمت ہیں جو اپنی زمین سے ایسی خوبصورتی کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ اگر موسم صاف ہو تو چند لمحوں کے لیے آسمان کی طرف دیکھنا نہ بھولیں، کیونکہ آج رات کائنات ہمیں مسکرا کر خوش آمدید کہے گی۔