عام انتخابات 2018، ملک بھر میں جاری انتخابی مہم کا آج آخری روز

 عام انتخابات 2018، ملک بھر میں جاری انتخابی مہم کا آج آخری روز
کیپشن: سیاسی اکھاڑے میں اترنے والوں کو آج رات 12 بجے اپنی انتخابی مہم کو ہر صورت ختم کرنا ہو گا۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ملک میں نئے عوامی نمائندوں کا انتخاب 25 جولائی کوہوگا لیکن قانون کے مطابق سیاسی جماعتیں اورآزاد امیدواروں کے پاس انتخابی جلسوں کا آج آخری روز ہے۔ سیاسی اکھاڑے میں اترنے والوں کو آج رات 12 بجے اپنی انتخابی مہم کو ہر صورت ختم کرنا ہو گا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور میڈیا کے لیے ہدایات نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔ جس کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ کے روزسے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں۔  23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کر دی جائے اس کے بعد کسی قسم کے جلسے جلوس، ریلیوں یا کارنر میٹنگز پر پابندی ہو گی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم اور صفدر کے گھر کو سب جیل قرار دینے کیلئے درخواست دائر

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات آج رات کے بعد چلانے پر پابندی ہو گی۔

انتخابی مہم کے آخری دن ملک کی تمام سیاسی جماعتیں آج اپنی طاقت کے بھرپورا ظہار کے لیے تیار ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج ڈیرہ غازی خان اور راولپنڈی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے جب کہ حمزہ شہباز لاہور میں موچی گیٹ سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کا آخری دن لاہور کے کھلاڑیوں کے نام کیا ہے۔ وہ این اے 125، 128، 131 اور این اے 134 میں کارکنوں اور عوام سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی جیکب آباد اور شکار پور میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کی جانب سے پاور شو ہو رہا ہے جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے آج کراچی کے لیاقت آباد فلائی اور پر آخری انتخابی جلسہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا،آزادانہ کمیشن کا مطالبہ

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ کے روز سے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں۔ اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں