کورونا وائرس کی چوتھی لہر، عید کے دوسرے روز 11 افراد جان کی بازی ہار گئے 

کورونا وائرس کی چوتھی لہر، عید کے دوسرے روز 11 افراد جان کی بازی ہار گئے 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان میں سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں جس سے ایک بار پھر مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عیدالاضحی کے دوسرے روز مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے اور یہاں مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 5 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 425 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 11 افراد اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ 
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 22 ہزار 939 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 34 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 53 ہزار 623 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 2 ہزار 525 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 9 لاکھ 23 ہزار 472 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے مزید 25 ہزار 215 ٹیسٹ کئے گئے جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 55 لاکھ 84 ہزار 899 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، پاکستان بھر میں اب تک کل 2 کروڑ 40 لاکھ 96 ہزار 587 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 62 ہزار 182 ہو چکی ہے جبکہ اس سے کل 5 ہزار 785 اموات ہوئی ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 51 ہزار 707 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ 10 ہزار 909 ہو چکی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 359 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کل اموات 4 ہزار 405 ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 85 ہزار 230 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک یہاں کل 789 افراد اس وباءسے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
بلوچستان میں کورونا وائرس کے اب تک 29 ہزار 357 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 321 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 22 ہزار 592 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کل 608 مریض وفات پا چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 7 ہزار 607 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 122 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔