اسلام آباد: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے 2025 کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران پاکستان سے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر تقریباً ڈھائی کروڑ ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم سے حذف کر دیں۔
ٹک ٹاک کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں اس عرصے میں 21 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ویڈیوز حذف کی گئیں، جو کہ مجموعی اپلوڈ ہونے والے مواد کا 0.9 فیصد بنتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، 18 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو کمپنی کے خودکار مانیٹرنگ سسٹم کے تحت پہچان کر فوری طور پر ہٹایا گیا، جب کہ ان میں سے 75 لاکھ ویڈیوز کو بعد ازاں جائزہ لینے کے بعد بحال کر دیا گیا۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ 99 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ ہونے سے پہلے ہی یا فوری طور پر ڈیلیٹ کیا گیا، جب کہ 94.3 فیصد مواد کو اپ لوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دیا گیا۔
پاکستان سے ڈیلیٹ کی جانے والی ویڈیوز کی تعداد 2 کروڑ 49 لاکھ 54 ہزار رہی، جن میں سے 95.8 فیصد کو بھی 24 گھنٹے سے کم وقت میں ہٹایا گیا۔