فیصل آباد میں بینک فراڈ کے لیے فنگر پرنٹ چوری کرنے والے گروہ کا انکشاف

08:10 PM, 23 Jul, 2025

فیصل آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کے دوران ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے جو شہریوں کے فنگر پرنٹ چوری کرکے بینک اکاؤنٹس کھلوانے میں ملوث تھا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار شدہ چار ملزمان سرگودھا سے پکڑے گئے ہیں، جن کے قبضے سے متعدد ڈیجیٹل فنگر پرنٹس، موبائل سم کارڈز، الیکٹرانک ڈیوائسز اور برانچ لیس بینک اکاؤنٹس برآمد ہوئے ہیں۔

ترجمان نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرکے غیر قانونی طور پر موبائل سمز بنواتے تھے، اور متاثرہ افراد کو اپنے فنگر پرنٹ کے ناجائز استعمال کا علم بھی نہیں ہوتا تھا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ طور پر بعض سرکاری اداروں میں بھی ایسے عناصر چھپے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب سلیکون کے بجائے ڈیجیٹل فنگر پرنٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے، گرفتار چار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزیدخبریں