دو ریاستی حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں: اسحٰق ڈار

09:12 PM, 23 Jul, 2025

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے قیام کے لیے مسئلہ فلسطین کا دو قومی حل ناگزیر ہے۔

پاکستان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں جاری انسانی المیے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں بچوں اور خواتین سمیت 58 ہزار سے زائد افراد بے دردی سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے دو قومی ریاستوں کی بنیاد پر ہی ممکن ہے، اور یہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ غزہ میں بھوک اور غربت نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے، اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو فوری یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے فلسطین کے حق میں یکجہتی اور اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان شام میں پائیدار استحکام کی حمایت کرتا ہے، اور ایران پر اسرائیلی جارحیت کو تشویشناک قرار دیا، جبکہ طاقت کے یکطرفہ استعمال کو کشیدگی میں اضافے کا سبب بتایا۔

یاد رہے کہ 22 جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کیا تھا، جس میں تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات، ثالثی، مفاہمت یا دیگر قانونی ذرائع بروئے کار لائیں۔

مزیدخبریں