اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بہبودِ آبادی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، آبادی کی منصوبہ بندی اور اس سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، جس پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے اور بہبودِ آبادی کے اقدامات کو قومی فریضہ سمجھ کر آگے بڑھانا ہوگا۔ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بہبودِ آبادی کے اقدامات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اس اہم قومی معاملے پر مشترکہ حکمت عملی کے تحت پیش رفت کی جا سکے۔