گٹکا ماوا کے خلاف سخت قوانین، سندھ کابینہ کے 22 نکاتی ایجنڈے کی منظوری: شرجیل میمن

04:50 PM, 23 Jul, 2026

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں 22 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی، جس میں گٹکا اور ماوا کے خلاف سخت قوانین بنانے اور سزاؤں میں اضافے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں گٹکا اور ماوا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، کیونکہ اس کے باعث بڑی تعداد میں نوجوان منہ کے کینسر کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پاسکو سے 2 لاکھ 20 ہزار 665 میٹرک ٹن گندم خریدے گی، جبکہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

سینئر وزیر سندھ نے پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی ترسیل پر پابندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں گندم کی ترسیل نہیں روکی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہمیشہ پنجاب سے گندم خریدتا رہا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے بارڈر سیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ناردرن بائی پاس پر 400 ایکڑ رقبے پر جدید ٹرک اسٹینڈ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے کہا کہ ن لیگ کو دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے ہسپتالوں میں پنجاب سے آنے والے مریض بھی علاج کراتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جو وزرا بڑے دعوے کر رہے ہیں وہ کرسی چھوڑ کر انتخابات لڑیں، پھر عوامی حمایت کا اندازہ ہو جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کو گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں