بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جی ایچ کیو میں نیشنل ورکشاپ، بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی، بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال اور قومی استحکام سے متعلق امور پر گفتگو

08:08 PM, 23 Jul, 2026

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال اور قومی استحکام سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی، جبکہ پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست اور سکیورٹی ادارے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں بلوچستان میں امن، ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزیدخبریں