واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں نظام حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اگر ایرانی حکومت ملک کو عظیم بنانے میں ناکام ہو چکی ہے تو اس نظام کو تبدیل کرنا ناگزیر ہے۔
ادھر امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگون میں ایک اہم بریفنگ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق "آپریشن مڈ نائٹ ہیمر" کے دوران بی ٹو بمبار طیاروں اور ٹاماہاک میزائلوں کی مدد سے ایران کی تینوں جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے شدید نقصان ہوا۔
امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل ڈین کین کا کہنا تھا کہ ایران کے ریڈار امریکی جہازوں کو پکڑنے میں مکمل ناکام رہے، اور حملے کے وقت ایرانی فضائیہ نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے مقابلے میں دنیا اب زیادہ محفوظ اور مستحکم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری بم بنانے کی مکمل صلاحیت موجود تھی، جسے اب مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔