کوہستان میگا سکینڈل میں پیش رفت: اعظم سواتی کی عدم پیشی پر نیب کا دوسرا نوٹس زیر غور

02:21 PM, 23 Jun, 2025

پشاور:تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف کوہستان میگا کرپشن سکینڈل میں نیب خیبرپختونخوا کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم وہ طلبی کے باوجود نیب دفتر میں پیش نہیں ہوئے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ آج جاری کیے گئے نوٹس پر اعظم سواتی کو ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا تھا، لیکن عدم حاضری کے باعث دوسرا نوٹس جاری کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سکینڈل میں اعظم سواتی پر مبینہ طور پر 30 کروڑ روپے کی مشتبہ مالی منتقلی کا الزام ہے، جو کہ مجموعی طور پر 40 ارب روپے کی بے ضابطگیوں کا حصہ ہے۔ نیب نے وکیل کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ ملزم کی ذاتی پیشی ضروری ہے، محض وکیل کی موجودگی کافی نہیں۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی سے رابطہ ممکن نہیں ہو پا رہا اور مہلت دی جائے، تاہم نیب حکام نے مؤخر فی الوقت اضافی وقت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اگلے نوٹس پر بھی عدم تعاون جاری رہا تو قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

مزیدخبریں