رواں ہفتے طوفانی بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

02:29 PM, 23 Jun, 2025

اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں رواں ہفتے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسمیاتی سسٹمز بحیرہ عرب اور خلیجِ بنگال سے پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں، جو مغربی ہواؤں کے ساتھ مل کر شدید بارشوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان موسمی سسٹمز کے باعث گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ تیز آندھی سے درختوں کے گرنے، بجلی کی معطلی اور کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔

ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں سے جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 20 جون سے جاری بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں قریبی ریسکیو یا ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں