ایران نے قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیے

09:42 PM, 23 Jun, 2025

دوحہ: ایران نے قطر اور عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیے، جن میں سے چھ میزائل قطر کی سمت فائر کیے گئے۔ امریکی نیوز ویب سائٹس کے مطابق یہ میزائل حملے اچانک کیے گئے تاہم قطر پہلے سے حفاظتی اقدامات کر چکا تھا۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق، میزائل حملوں سے قبل امریکی العدید ایئربیس کو سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر خالی کرا لیا گیا تھا۔ قطر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے العدید ائیربیس کی جانب داغے گئے ایک ایرانی میزائل کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔

قطری حکومت نے ایرانی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کارروائی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی تصدیق کی گئی ہے کہ حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ قطر میں واقع العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کا سب سے بڑا اڈہ ہے۔ اس اہم تنصیب کو نشانہ بنایا جانا خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

ادھر عراق میں امریکی عین الاسد ایئربیس پر بھی ایران کی جانب سے حملے کے بعد فضائی دفاعی نظام کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا، جب کہ وہاں تعینات امریکی اہلکاروں کو بنکروں میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی "تسنیم" کے مطابق ان حملوں کو "آپریشن بشارتِ فتح" کا نام دیا گیا ہے۔ ایرانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ قطر میں موجود امریکی بیس پر اتنی ہی شدت کے میزائل داغے گئے جتنی شدت کے بم امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر استعمال کیے تھے۔

ایرانی حکام نے مزید وضاحت کی کہ العدید ائیربیس شہری آبادی سے دور واقع ہے، اور اس حملے کا مقصد قطر کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ امریکا کو جواب دینا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر ایک برادر اور دوست ملک ہے، اور حملے سے قطری عوام یا بنیادی سہولیات کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے حملے سے قبل قطر کو پیشگی اطلاع فراہم کر دی تھی تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں