سیفٹی آگاہی مہم 2025: این جی سی کے گرڈ سٹیشنز پر تربیتی سیمینارز کا انعقاد

10:57 PM, 23 Jun, 2025

لاہور : نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی)، سابقہ این ٹی ڈی سی، نے ملک بھر میں "سیفٹی آگاہی مہم 2025" کے تحت حفاظتی تربیتی سیمینارز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی ہدایات پر عملدرآمد، عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا اور عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنا ہے، تاکہ حادثات کی شرح کو کم سے کم کیا جا سکے۔

مہم کے تحت 500 کے وی گرڈ سٹیشنز  نیو لاہور، یوسف والا (ساہیوال) اور گٹی (فیصل آباد) جبکہ 220 کے وی گرڈ اسٹیشنز — نیو کوٹ لکھپت، واپڈا ٹاؤن، راوی، غازی روڈ، بند روڈ، شالامار، سرفراز نگر، گجرات، ڈہرکی، جھمپیر-ٹو (سندھ) اور انڈسٹریل ٹو (کوئٹہ)  میں سیمینارز منعقد کیے گئے۔

سیمینارز میں ابتدائی طبی امداد، ہنگامی حالات میں فوری ردعمل، فیلڈ آپریشنز میں احتیاطی تدابیر، اور کارڈیو پلمونری ریسسٹیٹیشن (CPR) کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔ شرکاء کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، جان بچانے کے اقدامات اور حفاظتی آلات (PPEs) کے مؤثر استعمال سے متعلق مفصل بریفنگ دی گئی۔

مزید برآں، گرڈ اسٹیشنز پر ریسکیو 1122 کے اشتراک سے ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ (HSE)، فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی رسپانس پر بھی خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ این جی سی کے مختلف شعبوں  مینٹیننس، آپریشنز، پروٹیکشن، سکیورٹی اور ایڈمن  سے تعلق رکھنے والے افسران و ملازمین نے ان سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔

منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی، انجینئر محمد شاہد نذیر نے سیفٹی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ"عملے کی حفاظت ہمارے آپریشنز کی بنیاد ہے۔ اس قسم کی تربیتی سرگرمیاں نہ صرف ہماری افرادی قوت بلکہ ہمارے بجلی کے نظام اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کو بھی یقینی بناتی ہیں۔"

مزیدخبریں