اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور خوشحالی کے لیے اپنا اہم کردار جاری رکھے گا، جبکہ اپنے ایرانی بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کے لیے وقار اور عزت کے ساتھ دستخط کیے گئے۔ انہوں نے پاکستان کی ثالثی کی صلاحیت پر ایران کے اعتماد پر اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی دعوت قبول کرنے پر وہ مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات قریبی بھائی چارے کی عمدہ مثال ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ امن مذاکرات کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک کوششیں کیں، جبکہ ایران کی قیادت اور عوام کے عزم، حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہیں۔