دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، صدر مملکت

11:52 AM, 23 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستانی قوم کے لیے ایک سنگ میل ہے، کیونکہ اس دن ہم نے آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔

 انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی افواج اور قوم کبھی بھی مادر وطن کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے بھارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے، لیکن ہم فتنہ الخوارج اور دہشت گرد تنظیموں کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے، کیونکہ پاکستانی عوام اور افواج ہمیشہ ایک ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور ہم مستقبل میں بھی ایسی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے۔ صدر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن ہم ایک باحوصلہ قوم ہیں اور ہم مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے صدر نے کہا کہ ہم ہمیشہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کا شکار کشمیری عوام کی بے لوث قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

صدر زرداری نے فلسطین کے معاملے پر بھی پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو اپنے وطن میں آزادی اور خود مختاری دی جائے۔ آخر میں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت عوام ہیں اور ان کی ثابت قدمی نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے کام کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے پریڈ کے شاندار انعقاد پر پریڈ کمانڈر اور آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس تقریب نے قومی یکجہتی اور وقار کو اجاگر کیا ہے۔ ان کا اختتام قومی جذبے اور افواج پاکستان کے لیے خراج تحسین کے الفاظ سے ہوا، اور دعا کی کہ اللہ ہمیں عزت، عظمت اور سربلندی کی راہ پر گامزن رکھے۔

مزیدخبریں