لاہور : یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں گورنر ہاؤس میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو نیوز، نصراللہ ملک کو شعبہ صحافت میں ان کی شاندار خدمات پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
نصراللہ ملک نے صحافت کے میدان میں تین دہائیوں کا طویل سفر طے کیا اور ہمیشہ بے باک، نڈر اور غیر جانبدار صحافت کا علم بلند کیا۔ وہ ایک سینئر صحافی اور دبنگ تجزیہ کار کے طور پر جانا جاتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ سیاسی، سماجی، سفارتی، نیشنل سکیورٹی اور اقتصادی مسائل پر جاندار تجزیے پیش کیے۔
نصراللہ ملک کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں یوم پاکستان پر تمغہ امتیاز سے نوازا۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائی اور قدرتی آفات، سیلاب اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوامی مشکلات کو اجاگر کیا۔ وہ ہمیشہ فیلڈ میں جا کر متاثرین کی داد رسی کرنے والے پہلے صحافی ہوتے ہیں۔
نصراللہ ملک کا صحافت میں سفر شروع ہونے کے بعد وہ پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد نوائے وقت جیسے معروف اخبار کا حصہ بنے، اور پھر اے آر وائے چینل کے بانی ارکان میں شامل ہوئے۔ ان کے پروگرام "سب اچھا ہے" نے بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
آج وہ نیو نیوز میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر ادارے کی سربراہی کر رہے ہیں اور اپنے مقبول پروگرام "لائیو ود نصراللہ ملک" کی میزبانی بھی کر رہے ہیں۔ ان کی غیر جانبداری، مدلل گفتگو اور بے لاگ تبصرے انہیں عوام میں بہت مقبول بناتے ہیں، اور وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سنے جاتے ہیں۔
ان کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا ہے، جو ان کی محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کا ایک شاندار اعزاز ہے۔