وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا حکم

03:47 PM, 23 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پاور ڈویژن کے امور پر ہونے والے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے اور اس حوالے سے سولرآئزیشن پالیسی پر عوام میں پائے جانے والے تمام ابہام کو حقائق اور اعدادوشمار کی بنیاد پر دور کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے جینریشن کمپنیوں کے خاتمے (liquidation) کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم نے پاور ڈویژن، آبی وسائل ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن کے درمیان ہم آہنگی میں مزید بہتری کی ہدایت کی تاکہ توانائی کے شعبے کی جامع حکمت عملی کو کامیابی سے عملی جامع پہنایا جا سکے۔

مزیدخبریں