امریکہ ایران کشیدگی میں بڑا بریک تھرو: صدر ٹرمپ کا پاور پلانٹس پر حملے مؤخر کرنے کا حکم

04:31 PM, 23 Mar, 2026

واشنگٹن / تہران :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں میں غیر معمولی پیش رفت کے بعد محکمہ دفاع کو ایرانی پاور پلانٹس اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے پانچ دن کے لیے مؤخر کرنے کی قطعی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی حکام کے ساتھ حالیہ بات چیت "انتہائی مثبت، تفصیلی اور تعمیری" رہی ہے۔ ان مذاکرات کا بنیادی محور مشرقِ وسطیٰ میں جاری دیرینہ کشیدگی کا مکمل اور حتمی حل تلاش کرنا ہے۔
 فریقین کے درمیان یہ اہم مذاکرات پورا ہفتہ جاری رہیں گے تاکہ تمام متنازع امور پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔صدر ٹرمپ نے "محکمہ جنگ" (پینٹاگون) کو واضح کیا ہے کہ سفارتی کوششوں کو موقع دینے کے لیے توانائی کے مراکز پر ممکنہ حملوں کو فوری طور پر روک دیا جائے۔ امریکی صدر نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ملاقاتیں مثبت نتائج پر ختم ہوں گی، جو خطے میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتی ہیں۔
عالمی ماہرین اس پیش رفت کو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹنے کی پہلی کرن قرار دے رہے ہیں، جس کے اثرات عالمی معیشت اور تیل کی قیمتوں پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔

مزیدخبریں