پاکستان کو اپنے جوہری تحفظ کے نظام پر مکمل اعتماد ہے،دفتر خارجہ

09:52 AM, 23 May, 2025

اسلام آباد: سابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن کے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بیان پر دفتر خارجہ نے شدید ردعمل دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد رکھتا ہے اور اس کی سکیورٹی بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ جان بولٹن کا بیان بھارتی وزیر راج ناتھ سنگھ کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد سامنے آیا، جو کہ ایک انتہا پسند تنظیم سے وابستہ ہیں اور پاکستان کے خلاف بارہا جارحانہ دھمکیاں دے چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصل تشویش کی بات بھارت کا جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول ہے، خاص طور پر ایسے افراد کے ہاتھوں میں جو پاکستان اور مسلمانوں کے شدید مخالف ہیں۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ بھارت میں جوہری بلیک مارکیٹ کے انکشافات اور نیوکلیئر سکیورٹی میں خامیاں دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی انتہا پسندی اور ناقص نیوکلیئر سکیورٹی نظام خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے، اور عالمی برادری کو اس پر فوری توجہ دینی چاہیے۔

مزیدخبریں