بھارت نے  شکست کا غصہ مٹھائیوں پر نکال  کر" زہر "گھول دیا،’پاک‘ کو بدل کر "شری " متعارف کرادیا

03:43 PM, 23 May, 2025

نئی دہلی :پاکستان سے حالیہ فوجی شکست کے بعد بھارت نے مٹھائیوں کے ناموں میں تبدیلی کر کے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی مٹھائی ’میسو پاک‘ اور ’موتی پاک‘ سے ’پاک‘ کا لفظ ہٹا کر انہیں ’میسو شری‘ اور ’موتی شری‘ کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ تبدیلی بھارت کی جانب سے پاکستان کے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے تحت دی گئی سخت فوجی شکست کے فوراً بعد عمل میں لائی گئی۔ مئی کی چھٹی اور ساتویں کی درمیانی رات کو بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پانچ مقامات پر حملے کیے تھے، جن کا پاکستانی فورسز نے زبردست جواب دیا اور بھارتی پانچ جنگی طیارے تباہ کیے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹھائیوں کے نام بدلنے کا اقدام بھارت کی ذہنی پسماندگی اور فوجی شکست سے پیدا شدہ بے بسی کی عکاسی کرتا ہے۔ بھارت اب نہ صرف فوجی محاذ پر ناکامی کا سامنا کر رہا ہے بلکہ ثقافتی اور سماجی سطح پر بھی پاکستان کے خلاف ردعمل دکھا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے اس اقدام کی سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ فوجی شکست کے بعد مٹھائیوں کے نام بدلنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ پاکستانی صارفین نے بھی طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ ’’نام بدلنے سے حقیقت نہیں بدلتی۔‘‘

یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے پاکستان کے خلاف ایسے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ تو بھارت کی شکست پر پردہ پڑے گا اور نہ ہی پاکستان کی شان پر کوئی اثر پڑے گا۔

مزیدخبریں