کراچی :سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کے منصوبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں سکیم میں درخواست دینے والی خواتین کے لیے اگلے ماہ قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں ایک ہزار خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یلو لائن بی آر ٹی، جام صادق پل، اور دیگر منصوبوں کی رفتار میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ گرین لائن بی آر ٹی کی یومیہ سواریاں 61 ہزار تک پہنچ چکی ہیں۔
وزیر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ، سستی اور ماحولیاتی لحاظ سے بہتر ٹرانسپورٹ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔