وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ اہم دورے پر چین روانہ؛ صدر شی جن پنگ اور ہم منصب لی چیانگ سے ملاقاتیں شیڈول

09:15 AM, 23 May, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 4 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے جس کے باعث اسے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ اور اپنے ہم منصب وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ الگ الگ اہم اور تفصیلی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گہرائی سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کا ایک بڑا ایجنڈا چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) کے دوسرے مرحلے (Phase 2) کو آگے بڑھانا ہے۔ وزیراعظم چینی قیادت اور سرمایہ کاروں کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے علاوہ خطے میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم اس تاریخی موقع پر پاک چین تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزراء بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں