عید پر صفائی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اعلیٰ کارکردگی پر انعام اور شکایت پر سزا ہوگی: مریم نواز

11:18 AM, 23 May, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ پر صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ نئے پلان کے تحت گلی، محلوں اور ممنوعہ مقامات پر قربانی کی آلائشیں اور باقیات پھینکنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے ممنوع مقامات پر باقیات پھینکنے کی روک تھام اور کڑی مانیٹرنگ کے لیے باقاعدہ ویجی لینس سکواڈز قائم کر دیے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے فوری طور پر ایک خصوصی آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر مثالی صفائی یقینی بنانے کے لیے تمام محکموں کو 'ون گورنمنٹ یونٹ' بن کر فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ فیلڈ میں بہترین صفائی پر افسران و عملے کو انعام اور ستائش سے نوازا جائے گا، تاہم صفائی کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہونے پر سخت سزا کا عمل فوری شروع ہوگا۔

مزیدخبریں