سعودی فضائی کمپنی 30 اکتوبر سے بغداد کے لیے پروازوں کا آغاز کرے گی

04:43 PM, 23 Oct, 2017

سعودی عرب کی سرکاری فضائی کمپنی 30 اکتوبر سے بغداد کے لیے اپنے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کرے گی اور اس طرح دونوں ملکوں کے درمیان ستائیس سال کے تعطل کے بعد باضابطہ طور پر فضائی سروس بحال ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان فضائی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ گذشتہ ہفتے عراق کے ٹرانسپورٹ کے وزیر کاظم فنجانی کی بغداد میں سعودی عرب کے قائم مقام سفیر عبدالعزیز الشامرائی سے ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔انھوں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔
سعودی ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) صالح الجسر نے اتوار کو الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ فضائی کمپنی دن میں بغداد کے لیے براہ راست دو پروازیں چلائے گی۔دونوں ملکوں میں گذشتہ ہفتے ستائیس کے بعد فضائی روابط بحال ہوگئے تھے اور سعودی دارالحکومت الریاض سے فضائی کمپنی فلائی ناس کی پہلی تجارتی پرواز بغداد پہنچی تھی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے اگست 1990ء میں عراق کے سابق صدر صدام حسین کی کویت پر چڑھائی کے بعد اپنی پروازیں بند کردی تھیں اور بغداد سے اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا تھا۔

مزیدخبریں