صوابی: پاک فوج کے ترجمان، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں، اور آئندہ بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا عزم ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور قومی سلامتی کے لیے ہمیشہ مضبوط اور مستحکم رہے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ٹوپی (صوابی) کے دورے کے دوران ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپ، سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور سوشل میڈیا کے کردار پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں اور ان کا کردار ملکی ترقی و خوشحالی میں انتہائی اہم ہے۔
یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے اس موقع پر شہداء اور غازیانِ پاک افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ایسی مزید بامقصد نشستیں منعقد کی جانی چاہئیں تاکہ ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈے کا خاتمہ ہو سکے۔ طلبہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک فوج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اور قوم امن کی کاوشوں اور ملکی ترقی میں پاک فوج کی قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔
اس سیشن میں طلبہ نے سوالات کیے جن کے تفصیلی جوابات دئیے گئے، جس سے ان کے ذہنوں میں موجود ابہام دور ہوئے اور سکیورٹی کے معاملات پر ان کی سمجھ میں اضافہ ہوا۔