کراچی: پاکستان کی معیشت کے لیے خوشخبری ہے کہ رواں مالی سال میں ملک سے انڈوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یکم جولائی سے اب تک امریکہ کو 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے برآمد کیے جا چکے ہیں، جن کی مالیت 2.37 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کی تصدیق محکمہ قرنطینہ حیوانیات نے کی ہے۔
پاکستان سے انڈے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، سومالیہ اور افغانستان سمیت کئی دیگر ممالک کو بھی برآمد کیے جا رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کو 17.22 ملین امریکی ڈالر، ہانگ کانگ کو 544 ہزار ڈالر، بحرین کو 32,950 ڈالر، کویت کو 31,654 ڈالر، سومالیہ کو 241 ہزار ڈالر، اور افغانستان کو 1.07 ملین امریکی ڈالر کے انڈے برآمد کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، پاکستان سے انڈے لیکوئڈ شکل میں بھی برآمد کیے جاتے ہیں۔ مالی سال 2024-25 میں کل 1169 میٹرک ٹن انڈے لیکوئڈ فارم میں بھیجے گئے، جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 ڈالر رہی۔ یہ لیکوئڈ انڈے بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو برآمد کیے گئے۔
مجموعی طور پر مالی سال 2024-25 میں پاکستان سے انڈوں کی برآمدات 18.25 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال 2023-24 کے مقابلے میں 14 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات سے کافی زیادہ ہے