نواز شریف تین بار وزیراعظم, بڑی سیاسی جماعت کے قائد ، جیل توڑ کر نہیں بھاگے، وطن واپسی پر سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا: نگران وزیر اطلاعات

نواز شریف تین بار وزیراعظم, بڑی سیاسی جماعت کے قائد ، جیل توڑ کر نہیں بھاگے، وطن واپسی پر سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا: نگران وزیر اطلاعات

کراچی: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں، وہ جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں بلکہ حکومت کی اجازت سے باہر گئے تھے، اس لیے ان کی وطن واپسی پر سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔

کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کراچی پریس کلب میرا گھر ہے۔ ، انھو ں نے کہا کہ نواز شریف سے متعلق سوالات کا جواب نگران حکومت نے نہیں دینا، نواز شریف سے متعلق سوالات کا جواب انہوں نے خود یا اس ملک کے آئینی قانون نظام نے دینا ہے۔ ان کا  کہنا تھا نواز شریف جب واپس آئیں گے تو سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا، وہ حفاظتی ضمانت لےکر آئیں یا عدالت کا دروازہ کھکھٹائیں گےیہ ان کا فیصلہ ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا ایسا انتظام ہوتا کہ تیل کی پیداوار بڑھ جائے تو ہم پیٹرول کی قیمت کم کر دیتے، جس طرح ڈالر کی قیمت کم کی ہے،کوشش ہے پیٹرول کی قیمت بھی کم کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہماری حکومت کے انتظامی اقدامات سے ڈالر کی قیمت میں 30 سے 35 روپے کمی آئی ہے، ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے اگلی باری پیٹرول کی قیمت میں کمی کے کافی امکانات ہیں۔