پاک سعودیہ دفاعی تعاون نے تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا، محسن نقوی

10:51 AM, 23 Sep, 2025

اسلام آباد :  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا حالیہ معاہدہ تاریخی تعلقات کو نئی جہت دے رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی شاہی خاندان اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ "ولی عہد محمد بن سلمان کی ولولہ انگیز قیادت میں سعودی عرب نے ترقی کے سنگ میل عبور کیے ہیں، جو نہ صرف سعودی عوام بلکہ امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔"

محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی پاکستان کے لیے خوشی اور حوصلے کا باعث ہے۔ "اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی شاہی خاندان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف سیاسی یا اقتصادی نوعیت کے نہیں، بلکہ یہ روحانی اور ثقافتی رشتوں سے بھی مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ "یہ تعلقات دو بھائیوں کی وہ مقدس میراث ہیں جو قربانی، وفاداری اور خلوص کی بنیاد پر ہر آزمائش میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔"

وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر عالمی اور قدرتی چیلنج کے موقع پر پاکستان کے ساتھ بے لوث دوستی کا ثبوت دیا ہے، جسے پاکستانی عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ "پاکستانی قوم سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دل سے دعاگو ہے۔"

مزیدخبریں