غزہ : غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت مزید 37 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے مغربی علاقے میں واقع شاتی پناہ گزین کیمپ کو شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا۔
غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 65 ہزار 344 افراد شہید اور ایک لاکھ 66 ہزار 795 زخمی ہو چکے ہیں۔ مسلسل بمباری کی وجہ سے غزہ کے دو اہم اسپتال، بچوں کا الرنتیسی اسپتال اور سینٹ جان آئی اسپتال، مکمل طور پر غیر فعال ہو گئے ہیں جس سے زیر علاج مریضوں کی زندگیاں شدید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
خان یونس کے نصیر میڈیکل کمپلیکس میں غذائی قلت اور طبی سہولیات کی کمی کے باعث ایک اور بچہ جان کی بازی ہار گیا ہے، جس سے غزہ میں انسانی بحران کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
غزہ کا طبی نظام اب مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر ہے، تاہم صیہونی فوج کے حملے مسلسل جاری ہیں۔ عالمی برادری کی جنگ بندی اور حملے روکنے کی اپیلوں کو اسرائیل نے نظر انداز کر دیا ہے۔