پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی روک دی

11:29 AM, 23 Sep, 2025

پشاور : پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی کو روک دیا ہے اور الیکشن کمیشن کو 14 دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے دو رکنی بینچ جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی نے وزیراعلیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس سید ارشد علی نے سوال اٹھایا کہ 90 دن کے بعد الیکشن کمیشن کارروائی کیسے کر سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لاء نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کرپٹ پریکٹسز پر کارروائی کے لیے وقت کی کوئی حد مقرر نہیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن میں جواب طلب کر لیا۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ کا نام پی سی ایل سے نکالنے کے خلاف دائر درخواست پر بھی عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین سے 14 دن کے اندر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار بشیر خان وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کا نام پی سی ایل میں شامل ہے اور انہیں سفارتی پاسپورٹ نہیں دیا جا رہا، حالانکہ انہوں نے درخواست بھی دی ہے اور یاد دہانی بھی کروائی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ویزا بھی نہیں لگوایا؟ وکیل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ اگلے مہینے ایک وفد کے ساتھ بیرون ملک جائیں گے، تاہم عدالت نے کہا کہ عدالت سے کوئی روکاوٹ نہیں، مگر رپورٹ طلب کرنی ہے۔پشاور ہائی کورٹ نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے تاکہ تمام فریقین رپورٹ جمع کرا سکیں۔ 

مزیدخبریں