کراچی: حکومت سندھ نے خواتین اور طالبات کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے "پنک سکوٹیز پروگرام" کا اعلان کیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اس سکیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول بھٹو اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کو محفوظ، باوقار اور آسان سفر فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم کے تحت خواتین اور طالبات کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جس سے وقت کی بچت اور سفری اخراجات میں کمی ممکن ہوگی۔ یہ سہولت خاص طور پر ان خواتین کے لیے ہے جو روزانہ تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے مرتب کیا جا رہا ہے اور الیکٹرک سکوٹیز کی الاٹمنٹ میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر شفاف طریقے سے کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کی خودمختاری اور معاشرتی شرکت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس سکیم کے ذریعے خواتین کو تعلیم، ملازمت اور دیگر سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔