ریاض : سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے منگل کی صبح اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ وفات پا گئے ہیں۔ رائل کورٹ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق، مفتی اعظم کی نماز جنازہ آج نماز عصر کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔ مفتی اعظم نے علمی، دینی اور سائنسی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور مسلم دنیا میں ایک ممتاز عالم کے طور پر جانے جاتے تھے۔
شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ سینئر علماء کی کونسل کے صدر بھی رہے اور انہوں نے حج کے خطبے دینے جیسے اہم دینی فرائض بھی سرانجام دیے۔ ان کے انتقال پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبداللہ آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان نے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مفتی اعظم کی غائبانہ نماز جنازہ مسجد الحرام، مسجد نبوی اور مملکت بھر کی تمام مساجد میں نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی۔مفتی اعظم کے انتقال سے سعودی عرب اور عالمی مسلم برادری ایک بڑے علمی اور روحانی رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔