افغان سرزمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں: اسحاق ڈار

09:35 AM, 23 Sep, 2026

 نیویارک:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کو ہمسایہ ممالک، بالخصوص پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر افغانستان سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

 اسحاق ڈار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیا، جس میں متعدد بے گناہ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات خطے سے جنم لینے والی دہشت گردی کے سنگین خطرے کی واضح یاد دہانی ہیں اور دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔

 نائب وزیراعظم نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کریں، دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی ختم کریں اور خواتین و بچیوں پر عائد ایسی پابندیاں ختم کریں جو اسلامی اصولوں اور مسلم معاشرے کے تقاضوں سے متصادم ہیں۔

 انہوں نے افغانستان میں سیاسی طور پر جامع طرز حکمرانی کو فروغ دینے اور واپس آنے والے افغان شہریوں کی آبادکاری اور معاشرے میں انضمام کیلئے مؤثر اقدامات پر بھی زور دیا۔

 اسحاق ڈار نے افغانستان کی انسانی ضروریات اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے عالمی برادری سے مناسب مالی معاونت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

 انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ایسے مستحکم اور خوشحال افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا جو اپنے عوام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کے ساتھ رہے۔

مزیدخبریں