اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی قیادت کے نام اپنے تہنیتی پیغامات میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کی دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگ میل ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کرتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون اور باہمی حمایت جاری ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔ انہوں نے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تزویراتی باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط باہمی تعاون اور تعلقات کی اہمیت کا عکاس ہیں۔
وزیراعظم نے حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں بھی مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔