ایشین گیمز: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش کو شکست دے کر برانز میڈل جیت لیا

10:24 AM, 23 Sep, 2026

جاپان : ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ مقابلوں میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کر لیا۔

نشین میں کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ گل فیروزہ 31 اور عالیہ ریاض 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور ریتو مونی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنجیدہ اختر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز تک محدود رہی۔ شرمین اختر 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ کپتان نگار سلطانہ نے 25 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ فاطمہ ثنا، نشرہ سندھو، عائشہ ظفر اور تسمیہ رباب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز میں اپنا دوسرا برانز میڈل حاصل کر لیا۔ اس سے قبل عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں پاکستان کے لیے برانز میڈل جیتا تھا۔

مزیدخبریں