نیویارک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیویارک میں توانائی، ایوی ایشن، صحت اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں سے متعلق اہم ملاقاتیں کیں۔
وزیر خزانہ نے ورلڈ اکنامک فورم کے اعلیٰ سطحی توانائی مکالمے میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان میں شمسی اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب نے بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری، لیزنگ، اسپیئر پارٹس کی فراہمی اور امریکا کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے بوئنگ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری اور ملک کے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقاتوں میں پاکستان میں توانائی، ہوا بازی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔