اسلام آباد: ملک میں کورونا کے وار برقرار ہیں۔تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔کیسز اوراموات میں اضافے کے باوجود شہری کورونا ایس اوپیز پر عملدر آمد کے لیے تیار نہیں ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈیڑھ سو سے زائد اموات اور تقریباً6 ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔
این سی اوسی کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید157 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 16ہزار 999 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 52ہزار 402افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5ہزار 908 ٹیسٹ مثبت آ گئے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.27فیصد رہی ۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 7لاکھ 90 ہزار 16 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کیسز میں اضافے اور شہریوں کی طرف سے کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے فوج کو طلب کرلیا ہے۔ فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہریوں سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرا رہی ہے۔
دوسری طرف گزشتہ روز این سی اوسی نےایسے اضلاع جن میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زائد ہے ان میں سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ان اضلاع میں ریسٹورنٹ میں آؤٹ ڈور ڈائننگ بند کردی گئی ہے۔