لاہور : کورونا کی تیسری لہر کے وار بچوں پر بھی شدید ہوگئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید دو بچے جان کی بازی ہار گئے، اب تک1 سے 10 سال تک کے 47 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق کورونا کی پہلی لہر میں 30 جولائی 2020 تک 12 بچے، یکم اگست 2020 سے رواں سال 31 جنوری تک 21 بچے جبکہ یکم اپریل سے اب تک کورونا کے باعث 7 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ کورونا سے جاں بحق ہونے والے بچوں میں مجموعی اموات کی تعداد 47 ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی ہے۔ این سی اوسی کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید157 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 16ہزار 999 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 52ہزار 402افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5ہزار 908 ٹیسٹ مثبت آ گئے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.27فیصد رہی ۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 7لاکھ 90 ہزار 16 ہوگئی ہے۔