ممبئی:پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے جس جوڑے کو ہلاک قرار دیا تھا، وہ دراصل زندہ ہیں اور اب اس پروپیگنڈے کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھارتی جوڑے نے خود کو زندہ ہونے کی تصدیق کی۔ ویڈیو میں خاتون نے کہاہم زندہ ہیں۔جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کی پرانی تصاویر کو ہلاک افراد کے طور پر نشر کیا گیا، جس سے نہ صرف ان کے اہل خانہ کو ذہنی اذیت کا سامنا ہوا، بلکہ اس جھوٹے پروپیگنڈے کے اثرات بہت وسیع پیمانے پر محسوس ہوئے ہیں۔ انہوں نے بھارتی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس جعلی پروپیگنڈے کے خلاف کارروائی کریں اور میڈیا کو اس طرح کی جعلی خبریں پھیلانے سے روکیں۔
سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے زیر اثر چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے جھوٹے پروپیگنڈے نہ صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ متاثرین کے اہل خانہ کو بھی ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیتے ہیں۔