فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم سے ایرانی وزیر خارجہ کا اہم رابطہ: علاقائی امن کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق

02:45 PM, 24 Apr, 2026

اسلام آباد / تہران  ایران اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر سفارتی و عسکری رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ اور پاکستانی قیادت کے درمیان ہونے والے ان اہم رابطوں میں غزہ اور لبنان سمیت مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ رہنماؤں نے جنگ بندی کے فوری حصول اور خطے کو بڑے پیمانے پر تباہی سے بچانے کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے پر مشاورت کی۔
پاکستانی قیادت اور عباس عراقچی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ایران اور پاکستان کا ایک پیج پر ہونا ناگزیر ہے۔ فیلڈ مارشل اور نائب وزیرِ اعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے سفارتی اور عسکری سطح پر رابطے مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں گے۔
 تہران اور اسلام آباد نے علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے اس ضرورت پر زور دیا گیا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ موقف اپنایا جائے۔

مزیدخبریں