جرمن سر زمین سے امریکی جوہری ہتھیار ہٹا دیں گے، مارٹن شلس

02:45 PM, 24 Aug, 2017

برلن:امریکا کو بڑا جھٹکا، بڑے اتحادی ملک نے امریکی ایٹموں بموں کو ملک سے نکالنے کا کہہ دیا ،جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے حریف امیدوار اور اعتدال پسند بائیں بازو کی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مارٹِن شلس نے کہا ہے کہ اگر وہ چانسلر بن گئے تو وہ جرمن سر زمین پر موجود امریکی جوہری ہتھیار ہٹا دیں گے۔جرمن ٹی وی کے مطابق ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ڈی کے سربراہ مارٹن شلس کا کہنا تھاکہ وفاقی جمہوریہ جرمنی کے چانسلر کے طور پر میں جرمنی میں موجود جوہری ہتھیاروں کو ہٹائے جانے کی کوشش کروں گا۔

رپورٹس کے مطابق کولون کے جنوب میں واقع بوئشیل کی ملٹری بیس پر امریکا نے گزشتہ کئی دہائیوں سے 20 کے قریب جوہری ہتھیار اسٹور کیے ہوئے ہیں۔ تاہم اس بات کی تصدیق جرمن وزارت دفاع کی جانب سے کبھی نہیں کی گئی۔شلس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ اسحلے کے چکر کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازعے سے یہ بات پہلے سے بھی زیادہ واضح ہو گئی ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلا کو فوری طور پر روکا جائے اور جن کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں انہیں ان کی مقدار میں کمی کی ترغیب دی جائے۔آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں چانسلر کے عہدے کے لیے انگیلا میرکل کے حریف امیدوار مارٹن شلس کے مطابق میرکل جرمن فوج کو جدید بنانے کے لیے 30 بلین یورو خرچ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں اور اس کا مقصد نیٹو کے اس ہدف پر پورا اترنا ہے۔

جو دفاعی بجٹ پر مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد خرچ کرنے سے متعلق ہے۔ ٹرمپ مسلسل یہ الزام عائد کرتے رہتے ہیں کہ نیٹو پارٹنرز اس دفاعی اتحاد کے لیے اپنا حصہ ادا نہیں کر رہے۔

مزیدخبریں