کابل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والا ہمارا طیارہ اغوا کر لیا گیا: یوکرین کا دعویٰ  

Ukraine's evacuation plane hijacked in Afghanistan, taken to Iran: Report
کیپشن: فائل فوٹو

کیف: یوکرین کے نائب وزیر خارجہ ییوگنی یینن نے دعویٰ کیا ہے کہ کابل ایئرپورٹ سے مسافروں کو لے کر اڑان بھرنے والے ان کے طیارے کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ 

اپنے ایک بیان میں ییوگنی یینن نے کہا کہ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔ طیارے پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے یوکرین کیلئے اڑان بھرنے والے طیارے کا رخ زبردستی تہران کی جانب موڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس جہاز میں ہمارے شہریوں کے علاوہ غیر ملکی افراد بھی سوار تھے۔

یوکرین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے کابل ایئرپورٹ تین مرتبہ انخلا کی کوششیں کیں لیکن ہمیں اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی کیونکہ ہمارے لوگوں کو وہاں پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ییوگنی یینن نے اپنا طیارہ اغوا ہونے کا دعویٰ تو کیا لیکن میڈیا کو یہ نہیں بتایا کہ آخرکار ہائی جیکروں کی ڈیمانڈ کیا ہے اور طیارے میں موجود مسافروں کے بارے میں کیا اطلاعات ہیں؟

دوسری جانب ایرانی حکام نے یوکرین کے نائب وزیر خارجہ ییوگنی یینن کی جانب سے طیارہ اغوا کرکے تہران اتارنے کے الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے جاری تردیدی بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے وزیر موصوف جس واقعہ کا ذکر کر رہے ہیں وہ بظاہر گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق 10 بجے پیش آیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کا ایک طیارہ ری فیولنگ کیلئے مشہد ایئرپورٹ پر اترا تھا۔

ایرانی حکام نے کہا کہ اس طیارے کو مطلوبہ ایندھن فراہم کیا گیا جس کے بعد یہ طیارہ مسافروں کو لے کر کیف روانہ ہو گیا تھا۔۔ ہم یوکرین کی جانب سے ایسے گھٹیا الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔