رائیونڈ : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی مرکز رائیونڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا محمد احمد بٹلر، مولانا عبید اللہ خورشید، ڈاکٹر سلیم اور دیگر شخصیات سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران تبلیغی جماعت کے اکابرین نے نومبر میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کی دین اسلام کی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بیرون ممالک سے آنے والے وفود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور ویزا سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے مہمان ہمارے معزز ہیں اور ان کے لیے ہر سطح پر آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اجتماع کے منتظمین کو نیک کام جاری رکھنے کی توفیق دے۔
اس موقع پر مولانا محمد احمد بٹلر نے کہا کہ ہمیں دین اسلام اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہیے اور اللہ کے راستے پر چلنے میں ہی بھلائی اور کامیابی ہے۔