ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

12:52 PM, 24 Aug, 2025

ڈھاکہ : پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے ایڈوائزر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین سے ڈھاکہ میں اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت میں اعلیٰ سطح پر روابط، عوامی سطح پر تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی و ہنر مندی میں اضافے کے منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔ علاقائی اور بین الاقوامی امور جیسے سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر بھی زور دیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بنگلادیش کے مشیر برائے تجارت شیخ بشیرالدین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، جس میں تجارت میں اضافے اور روابط کو مزید مضبوط بنانے پر خاص توجہ دی گئی۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے سطح کے حکام نے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جن میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری انٹری بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ فارن سروسز اکیڈمیوں کے درمیان تعاون، پاکستان اور بنگلادیش کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز انسٹیٹیوٹز کے درمیان شراکت داری اور تجارتی فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کے معاہدے بھی شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے جو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر بنگلادیش کے ایڈوائزر برائے خارجہ امور نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔

مزیدخبریں